لاہور۔ 22 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ منتخب کرنے سے قبل سلیکٹرز ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کی فارم اور محمد حفیظ کی بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ پر پابندی کے معاملوں پر غوروخوض کیا۔ دوسری جانب 30 جولائی کو شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل سلیکٹرز کیلئے لیفٹ آرم پیس بولر وہاب ریاض کی انجری بھی تشویش کا باعث ہے۔ وہاب سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوران ہاتھ کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔انجری کے باعث وہاب سری لنکا کے خلاف جاری ونڈے سیریز میں بھی حصہ نہیں لے رہے۔ تاہم سیلیکٹرز کو وہاب کی فٹنس سے زیادہ آؤٹ آف فام آفریدی اور بولنگ پر پابندی کے شکار حفیظ کی فکر لاحق ہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کپتان کے فام سے زیادہ خوش نہیں۔ آفریدی ٹیم کے کپتان ہونے کے ساتھ سب سے سینئر کھلاڑی بھی ہیں جبکہ سیلیکٹرز کے پاس آئندہ سال کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے مضبوط ٹیم بنانے کا بہت محدود وقت ہے۔