میرپور 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شاہد آفریدی کی متواتر دوسرے میچ میں دھواں دھاربیٹنگ نے آج ایشیا کپ میں نہ صرف میزبان بنگلہ دیش کو ہمالیائی اسکور کھڑا کرنے کے باوجود ٹورنمنٹ سے خارج کردیا بلکہ پاکستان کی کامیابی کے ساتھ روایتی حریف ہندوستان کیلئے بھی فائنل کی راہیں مسدود ہوگئیں۔ مشفق الرحیم کی بنگلہ ٹیم کے 326/3 کے جواب میں پاکستان نے احمد شہزاد کے 103 رنز اور ’مین آف دی میچ‘ آفریدی کے25 گیندوں میں 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے نازک موقع پر 59 رنز نے پاکستان کی ایک گیند قبل 3 وکٹوں سے کامیابی کو یقینی بنایا۔ آج کے نتیجہ نے نہ صرف میزبانوں کو ٹورنمنٹ سے باہر کیا بلکہ ویراٹ کوہلی کی ہندوستانی ٹیم بھی چہارشنبہ کو افغانستان کے ساتھ غیر اہم میچ کھیل کر وطن واپس ہوجائے گی۔ ایشیا کپ کا فائنل سری لنکا اور پاکستان کے درمیان 8 مارچ کو ہوگا۔
آئی پی ایل میاچس کیلئے سکیورٹی فراہم نہیں کی جاسکتی : شنڈے
نئی دہلی ۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے آج وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال آئی پی ایل سیزن کے دوران سکیورٹی کی فراہمی نہیں کی جاسکے گی کیونکہ آئی پی ایل کی تاریخیں عام انتخابات کی تاریخوں سے ٹکرا رہی ہیں۔ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بی سی سی آئی کو واضح کردیا ہے کہ جاریہ سیزن میں آئی پی ایل کو سکیورٹی فراہم کرنے سے حکومت قاصر رہے گی۔ ہماری افواج کا استعمال لوک سبھا انتخابات کے لئے کیا جائیگا ۔ لہذا آئی پی ایل کے لئے سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہوگا ۔ ویسے بھی ملک کے لئے آئی پی ایل سے زیادہ عام انتخابات اہم ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے بی سی سی آئی کو یہ بھی واضح کردیا ہے کہ T20 ٹورنامنٹ کیلئے بھی سکیورٹی کی فراہمی عام انتخابات کے بعد کی جاسکتی ہے جو اپریل کے اوائل میں شروع ہوکر مئی کے وسط میں اختتام پذیر ہوں گے جبکہ آئی پی ایل میاچس کا انعقاد 9 اپریل تا 3 جون ہوگا ۔ بھوبنیشور میں 28 فبروری کو اپنی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں بی سی سی آئی نے ایک ایسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جس کے ذریعہ آئی پی ایل کے ساتویں سیزن کا زیادہ تر حصہ ہندوستان میں ہی منعقد کیا جاسکے جیسا کہ فرانچائزس کی خواہش ہے بشرطیکہ عام انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی 15مئی تک اختتام پذیر ہوجائے ۔