کراچی ، 21 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا الوداعی میچ کھیل کر بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا خواب پورا نہ ہوسکا اور ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اُن کے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے انھیں الوداع کہنے کی تیاری کرلی ہے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے مطابق 27 ستمبر کو ایک اجلاس میں ایسے طریقہ کار کو منظوری دی جائے گی جس کے تحت بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے کرکٹرز کو شایان شان انداز میں الوداع کہا جائے۔ آفریدی کے علاوہ الوداع لینے والے کرکٹرز میں سعید اجمل کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل کر کے رخصت کرنے سے متعلق خبریں کئی روز سے پاکستانی ذرائع ابلاغ کی شہ سرخیاں بنی ہوئی تھیں۔ اس ضمن میں یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ اس تجویز کے پس پردہ چیف سلیکٹر انضمام الحق ہیں جو چاہتے تھے کہ آفریدی کو الوداعی میچ کے ساتھ رخصت کیا جائے۔ تاہم اس تجویز کو پی سی بی کے اعلیٰ حکام کی جانب سے پذیرائی نہیں مل سکی۔ آفریدی نے گزشتہ دنوں کراچی میں ایک تقریب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس تاثر کو غلط قرار دیا تھا کہ انھوں نے خود پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنے الوداعی میچ کی درخواست کی تھی۔ تاہم انھوں نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے سے متعلق چیف سلیکٹر انضمام الحق سے رابطے میں ہیں۔ آفریدی نے اس سال انڈیا میں منعقدہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کو اپنا آخری انٹرنیشنل ایونٹ قرار دیا تھ
ا اور کہا تھا کہ وہ اس عالمی مقابلے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ لیکن ٹورنمنٹ کے آخری میچ میں شکست کے بعد جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس میچ کو آپ کا آخری میچ سمجھا جائے تو آفریدی نے یہ کہہ کر سب کو حیران کردیا تھا کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ پاکستان واپس جاکر کریں گے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد انضمام الحق کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے آفریدی کو انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا جس سے یہ اشارے مل گئے تھے کہ آفریدی سلیکٹرز کے مستقبل کے پلان کا حصہ نہیں رہے۔ اور جب ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی ٹیم میں بھی آفریدی کوشامل نہیں کیا گیا تو یہ بات واضح ہوچکی تھی کہ ان کا بین الاقوامی کریئر اب ختم ہوچکا ہے۔