کراچی۔ 23؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں شاہد خان آفریدی، وہاب ریاض، فواد عالم، محمد عرفان اور انور علی کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے ایک ہفتہ میں وضاحت طلب کی ہے۔ پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ مذکورہ پانچ کھلاڑیوں نے بورڈ سے اجازت کے بغیر ایک کمرشیل اشتہار کی شوٹنگ میں حصہ لیا۔ یہ کمرشیل اشتہار ان دنوں الکٹرانک میڈیا پر دکھایا جارہا ہے۔ پی سی بی کے سنٹرل کنٹراکٹ کے مطابق کھلاڑی کسی بھی اشتہار میں اُس وقت تک شرکت نہیں کر سکتے، جب تک وہ سنٹرل کنٹراکٹ کی شق کے مطابق پیشگی اجازت نہ لیں۔ شاہد آفریدی، وہاب ریاض، فواد عالم، محمد عرفان اور انور علی نے آسٹریلیا کی سیریز سے قبل کمرشیل اشتہار کی شوٹنگ کی تھی، لیکن انھوں نے اس بارے میں بورڈ کے حکام کو آگاہ نہیں کیا۔ ان کھلاڑیوں نے جس کمپنی کے اشتہار میں کام کیا تھا، وہ کمپنی پاکستان اور آسٹریلیا، پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز کی اسپانسر تھی۔