کراچی ۔28 اپریل (سیا ست ڈاٹ کا م ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے وداعی میچ کی پیشکش ٹھکرادی۔شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ‘فیئرویل’ کی پیشکش کرنے پر نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کیا۔بوم بوم آفریدی نے اپنے پیغام میں لکھا، ‘نجم سیٹھی کی جانب سے فیئرویل کی پیشکش کا شکریہ لیکن ذاتی مصروفیات کے باعث پیشکش قبول نہیں کرسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا مقصد باعزت واپسی کا رجحان بنانا تھا، میں خوش ہوں کہ مصباح اور یونس کو فیئرویل دیا جارہا ہے۔ساتھ ہی انھوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ‘یہ رحجان مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔واضح رہے کہ نجم سیٹھی نے 23 اپریل کو دبئی میں ملاقات کے دوران شاہد آفریدی کو فیئرویل کی پیشکش کی تھی۔نجم سیٹھی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ان کی شاہد آفریدی سے ملاقات اچھی رہی اور اس دوران آل راؤنڈر کی فیئرویل کے طریقہ کار اور مستقبل میں کرکٹ کے فروغ کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ شاہدآفریدی نے بھی جوابی ٹوئٹر پیغام میں گفتگو کو شاندار قرار دیتے ہوئے ان کے مشوروں کی تعریف کی تھی۔