آسٹریلین کرکٹ ٹیم جلد پاکستان آئیگی ، ہائی کمشنر پیٹر ہیورڈ کا تاثر

لاہور، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ہائی کمشنر پیٹر ہیورڈ نے آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا عندیہ دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال اتنی بری نہیں جتنی بتائی جاتی ہے۔ ورلڈ کرکٹ کپ 2015ء کی میزبانی کے حوالے سے لاہور میں آسٹریلین ہائی کمشنر کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹارز اور سابق کپتان وسیم اکرم اپنی اہلیہ کے ہمراہ شریک ہوئے۔ آسٹریلیائی ہائی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور اپنی رنگا رنگ ثقافت کے اعتبار سے بہت خوبصورت شہر ہے۔ یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں، اس لئے یہاں آنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ پاکستان کے حالات اتنے برے نہیں جتنے بتائے جاتے ہیں۔ آسٹریلین کرکٹ ٹیم بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس موقع پر وسیم اکرم نے کہا کہ امید ہے آسٹریلیا میں ہونے والا 2015ء کا کرکٹ ورلڈ کپ بہت یادگار رہے گا۔

سری لنکا میں انگلینڈ کے 7 ونڈے
کولمبو ، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اس سال سری لنکا میں 21 نومبر اور 16 ڈسمبر کے درمیان طئے شدہ ٹور کے دوران سات ونڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گا۔ پہلا او ڈی آئی جو ڈے؍نائیٹ میچ رہے گا، یہاں پریما داسا اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا جبکہ تیسرا اور پانچواں مقابلہ ہمبنٹوٹا اور پلیکلے میں ہوگا۔ انگلینڈ دو وارم اپ میچز بھی کھیلے گا۔