ملبورن۔ 25؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں ماریا شاراپوا جارحانہ پیشرفت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج کوارٹر فائنلس میں پہنچ گئیں جہاں یوجینی بوچارڈ سے ان کا مقابلہ ہوگا۔ دوسری طرف رافل نڈال نے بھی گرینڈ سلام کے لئے جاری اپنی انتھک پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ دوسرے مقام کی حامل روسی کھلاڑی شاراپوا نے 21 ویں مقام کی حامل پنگ شوائی کو 6-0، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے نہ صرف ٹورنمنٹ میں پیش قدمی کے لئے ان کے خوابوں کو چکناچور کردیا بلکہ رواں کھیل میں اپنا موقف مزید مستحکم بنالیا ہے۔ کینیڈا کی یوجینی بوچارڈ میچ کے درمیان لڑکھڑانے کے باوجود خود کو سنبھالتے ہوئے رومانیہ کی ایرینا کامیلا بیگو کو تین سیٹس میں شکست دے دی۔ رافل نڈال جو 14 مرتبہ گرینڈ سلام چمپئن رہے ہیں، جنوبی افریقہ کے طاقتور کھلاڑی کیوین اینڈرسن پر تسلط بحال کرلیا۔ سیمی فائنل میں ان (نڈال) کا مقابلہ چیک کے کوماس برڈچ سے ہوگا۔ اسپین کے نڈال نے کہا کہ میرے لئے ایک دشوار گزار وقت کے بعد یہ ایک بہترین نتیجہ رہا اور میں جس انداز میں کھیلا ہوں، اس پر مجھے کافی خوشی ہے۔ نڈال تین ماہ تک زخمی رہنے کے بعد پہلی مرتبہ کھیل میں واپس آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سال یہ میرا اب تک کا بہترین کھیل رہا جو میرے لئے بہت اہم ہے اور انتہائی خصوصیت کا حامل ہے۔
تاہم شکست خوردہ برڈچ نے اعتراف کیا کہ نڈال کو شکست دینے کے لئے انھیں اپنے کھیل کی بلند ترین سطح پر پہنچنا ہوگا۔ اس کے لئے جو کچھ بھی ضروری ہوگا، میں وہ کرنے کے لئے تیار ہوں اور کامیابی کے لئے آخری پوائنٹ تک اپنی کوشش جاری رکھوں گا۔ آسٹریلیا کے ایک اور کھلاڑی نِک کرگورش آ:ندہ مقابلہ میں اٹلی کے آندریاس سیپی سے سامنا ہوگا۔ آندریاس پہلے ہی راجر فیڈرر کو شکست دے چکے ہیں۔ ایک اور میچ میں برطانوی اینڈی مرے کو گریگوری دیمتروف سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔ شاراپوا اپنے کیریئر کے چھٹویں گرینڈ سلام اور 2008ء کے بعد اپنے پہلے آسٹریلین اوپن ٹائٹل کے لئے جانفشانی کے ساتھ انتھک مہم میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حریف پنگ سے ان کا مقابلہ پہلے ہی ظاہر کردہ اندیشوں سے کہیں زیادہ سخت اور دشوار ہوگا۔ شاراپوا نے کہا کہ چینی پنگ شوئی سے مجھے ہمیشہ یہ مصیبت رہی ہے۔ وہ یقینا وہ ایک سخت کھلاڑی ہیں۔