آسٹریلین ٹسٹ اسکواڈ میں شمولیت باعث فخر : فواد احمد

ملبورن، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد لیگ اسپنر فواد احمد نے کہا ہے کہ آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم میں شمولیت اعزاز کی بات ہے اور میں اپنی سلیکشن کو درست ثابت کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ آسٹریلیا نے 2013ء میں احمد کو ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کیاپ دی تھی اور انہیں 3 ونڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے احمد کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف مقررہ ایشز سیریز کیلئے ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ٹسٹ اسکواڈ میں شمولیت کے بعد احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’کینگروز ورلڈ کلاس اور پانچ بار کی ورلڈ چمپئن ٹیم ہے، اس کا حصہ بننا میرے لئے باعث ِفخر ہے، مجھے اتنی جلدی ٹسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کا یقین نہیں تھا اور اب میں اپنی سلیکشن کو درست ثابت کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا‘‘۔