ملبورن۔ 25؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے آج یہاں کھیلے گئے ایک میچ میں لیئنڈر پیس اور مارٹینا ہنگس نے مکسڈ ڈبلز میں کامیابی حاصل کی، لیکن روہن بوپنا اور باربورا زہلاووا اسٹرائیکووا اپنی شکست کے سبب ٹورنمنٹ سے خارج ہوگئے۔ ساتویں مقام کے حامل لیئنڈر پیس اور مارٹینا ہنگس نے آسٹریلیا کی ماسا جوانووچ اور سام تھامپسن کو شو کورٹ 33 پر کھیلے گئے پہلے راؤنڈ کے میچ میں 7-6(2)، 6-2 سے شکست دی۔ 65 منٹ کے اس کھیل میں ہند کے لیئنڈر پیس اور سوئس کی مارٹینا ہنگس کو 10 بریک پوائنٹس حاصل ہوئے، لیکن وہ تین مرتبہ تبدیل کرسکے۔ ان کا آئندہ مقابلہ انابیل میڈینا گریجبس اور پابطو آندوجارے ہوگا۔ لیئنڈر پیس بھی بوپنا کی طرح اس ٹورنمنٹ کے مینس ڈبلز سے پہلے ہی باہر ہوچکے ہیں، لیکن مکسڈ ڈبلز میں آج کی شکست کے بعد بوپنا ٹورنمنٹ سے ہی خارج ہوگئے ہیں، لیکن پیس نے ٹورنمنٹ کے آئندہ مقابلہ میں پیشرفت کی ہے۔ بوپنا نے اپنی چیک ساتھی اسٹرائیکووا کے ساتھ تیسرے مقام کے حامل حریفوں کرسٹینا ملادینووچ اور ڈینیئل نسٹر کے خلاف سخت مقابلہ کیا۔ اس کے باوجود انھیں سوپر ٹرائی بریک میں 4-10، 6-3، 2-6 سے شکست ہوگئی۔ لڑکیوں کے ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں ہندوستان کی اوجسوینی سنگھ کو بھی افسوسناک شکست ہوگئی۔ اوجسوینی اور تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی ان کی ساتھی تماچان مومکونتھود کو کیتھرین ہوب گارسکی اور گریٹ مینن کو 9-11، 7-6(2)، 3-6 سے شکست ہوگئی۔ لیئنڈر پیس کے علاوہ ایک اور ہندوستانی ثانیہ مرزا کل کے مقابلوں میں شامل رہیں گی۔ ثانیہ مرزا مکسڈ ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں برازیل کے ساجھیدار برونو سواریز کے ساتھ کھیلیں گی۔