ملبرن ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا کے میلوس راؤنک نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے مینز سنگلز کے چوتھے مرحلے میں سوئٹزرلینڈ کے اسٹار استانسلاس واؤرنکا کوغیرمتوقع شکست سے دوچار کرکے ایونٹ سے باہر کردیا۔ میلوس نے واؤرنکا کو 3 گھنٹے 44 منٹ کے اعصاب شکن مقابلے کے بعد 6-4، 6-3، 5-7، 4-6 اور 6-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ واؤرنکا نے پہلے دو سٹ میں ناکامی کے بعد واپسی کرتے ہوئے ایونٹ میں برقرار رہنے کی امیدیں جگائیں لیکن 2014ء کے فرنچ اوپن کے بعد پہلی دفعہ کسی بڑے ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے کا ایک اور موقع گنوا دیا۔ میلوس کوارٹرز میں فرانس کے گائیل مونسفلز کے مدمقابل ہوں گے۔ مونسفلز نے چوتھے مرحلے میں روس کے اینڈرے کنزنیٹسیوف کو 7-5، 3-6، 6-3 اور 7-6 سے شکست دے کر پیش رفت کی ہے۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز کے مقابلوں میں آسٹریلین اوپن کی دو دفعہ کی سابق چمپئن بیلا روس کی وکٹوریا آزارینکا نے چیک ری پبلک کی باربورا اسٹرکووا کو سیدھے سٹ میں 6-2 اور 6-4 سے ہراتے ہوئے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، جہاں ان کا مقابلہ اینجلیق کربر سے ہوگا۔ جرمنی کی کربر نے چوتھے مرحلے کے مقابلے میں اپنی ہم وطن اینیکا بیک کو سیدھے سٹوں میں میں بہ آسانی 6-4 اور 6-0 سے شکست دی۔