آسٹریلین اوپن: دفاعی چیمپئن آزارینکا چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئیں

ملبورن ۔ 18 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چیمپئن وِکٹوریا آزارینکا یونے موئیسبرگر کو 6-1 ، اور 6-0 سے شکست دے کر ملبورن میں جاری آسٹریلین اوپن گرانڈ سلام کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئی ۔ سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر بھی چوتھے راؤنڈ میں پیش قدمی کر چکے ہیں۔ روسی ٹینس اسٹار شراپووا نے بھی تیسرے راؤنڈ کا اپنا میچ جیت لیا۔ آج عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال اپنا میچ کھیل رہے ہیں۔ آسٹریلین اوپن کے ابتدائی دنوں میں گرمی کی شدید لہر کے باعث کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی فرینک ڈانکے وِچ کو اس وقت طبی امداد دینی پڑی جب وہ پہلے راؤنڈ کے میچ میں گرمی کی وجہ سے بیہوش ہوگئے تھے۔