آسٹریلیا 4-3 سے فاتح، ہندوستان سیریز ڈرا کرنے میں کامیاب

نئی دہلی۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کے خلاف اسی کی سرزمین پر تاریخی کامیابی کے قریب پہنچ گئی تھی لیکن میزبان کھلاڑی جیس ہیورڈس کے دوسرے نصف مرحلہ میں بنائے جانے والے دو گولز کی بدولت آسٹریلیائی ٹیم نے دوسرا مقابلہ 4-3 سے اپنے نام کرتے ہوئے ہندوستان کو سیریز سے دور رکھا۔ تاہم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم جو گزشتہ روز پہلے مقابلہ میں کامیاب رہی تھی، اس نے دو مقابلوں کی سیریز کو 1-1 سے برابر کیا جو اس کے لئے کسی بڑی کامیابی سے کم نہیں۔ ہندوستانی ٹیم جوکہ عالمی درجہ بندی میں چھٹے مقام پر فائز ہے، اس نے آج کے مقابلہ میں بھی بہتر آغاز کیا لیکن میزبان ٹیم نے 13 ویں، 23 ویں، 38 ویں اور 51 ویں منٹ میں گول اسکور کئے۔ آسٹریلیائی ٹیم جو کہ ان دونوں انتہائی شاندار فام میں ہے جیساکہ اس نے چار قومی انوٹیشنل ٹورنمنٹ میں برونز میڈیل حاصل کیا جس کے لئے اس نے ہندوستان کو 3-2 سے لیگ مقابلہ میں شکست دی تھی۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم جوکہ مستقل کپتان اور گول کیپر پی آر سری جیش کے علاوہ سینئر کھلاڑی ایس وی سنیل اور رمن دیپ سنگھ کی عدم موجودگی میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو 1-1 سے برابر کرتے ہوئے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ آسٹریلیا نے حالیہ دنوں میں نیوزی لینڈ کو دو مرتبہ شکست دے کر ٹرانس ٹسمین ٹرافی حاصل کی تھی جس کے لئے اس نے آکلینڈ میں میزبان ٹیم کو شکست دی۔ علاوہ ازیں میلبورن چار رخی سیریز بھی اپنے نام کی۔ آج کھیلے گئے سیریز کے دوسرے مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کا حوصلہ کافی بلند تھا کیوں کہ گزشتہ روز نوجوان کھلاڑی عفان یوسف کے شاندار مظاہرے کی بدولت مہمان ٹیم نے 3-2 کی کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد کارگزار کپتان وی آر رگھوناتھ کی زیر قیادت اس نوجوان ٹیم کو آسٹریلیا میں ایک تاریخی کامیابی کا موقع تھا جس کا اس نے بہتر آغاز بھی کیا اور مقابلہ کے چھٹے منٹ میں ہی اکشدیپ سنگھ کے گول کی بدولت ہندوستان کو سبقت حاصل ہوئی تھی لیکن 13 ویں منٹ میں ٹرنٹ مٹن نے گول کرتے ہوئے مقابلہ کو مساوی موقف لا کھڑا کیا۔ 1-1 سے اسکور برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں نے سنسنی خیز مقابلہ کو آگے بڑھایا اور دونوں ٹیموں کی جانب سے 22 ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے گول بنے۔ 22 ویں منٹ میں پہلے رگھوناتھ نے گول بناتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو 2-1 کی سبقت دلوادی تھی لیکن اگلے منٹ میں ہی جیک ویٹی نے آسٹریلیا کے لئے گول کرتے ہوئے مقابلہ کو 2-2 کے ذریعہ پھر ایک مرتبہ مساوی موقف میں لاکھڑا کیا۔ 25 ویں منٹ میں رگھوناتھ کے گول نے پھر ایک مرتبہ ہندوستان کو 3-2 کی سبقت دلوادی تھی لیکن 38 ویں منٹ میں ہیورڈ نے آسٹریلیا کے لئے گول کرتے ہوئے مقابلہ کو 3-3 سے مساوی کردیا۔ 51 ویں منٹ میں پھر ایک مرتبہ ہیورڈ نے میزبان ٹیم کے لئے گول بناتے ہوئے سبقت کو 4-3 کردیا جو نہ صرف آسٹریلیا کی کامیابی کا اسکور بھی رہا بلکہ اسے ہندوستان کے خلاف ایک اہم شکست سے محفوظ رکھا۔