آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ 263 رنز ۔ سری لنکا ۔۔178

پالیکلے ، 7 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر گلن میکسویل کی دوسری بہترین ریکارڈ سنچری (145*) کے بل بوتے پر آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ اسکور کا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے85 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ گزشتہ رات یہاں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمانوں نے بولروں کی وہ درگت بنائی جسے دنیش چندیمل کی ٹیم شاید کبھی نہ بھولے گی۔ ڈیوڈ وارنر زیرقیادت ٹیم نے مقررہ اوورز میں 263/3 اسکور کئے۔ وارنر اور میکسویل نے بیٹنگ کا آغاز کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی اور کپتان وارنر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میکسویل نے عثمان خواجہ کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 107 رنز کا اضافہ کیا۔ عثمان غیرمعمولی کارکردگی دکھانے میں کامیاب تو نہ ہوئے لیکن قیمتی 36 رنز بنا کر154 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے تیسری وکٹ کی شراکت میں میکسویل اور ٹریویس ہیڈ نے ریکارڈ اسکور کیلئے 109 رنز جوڑے۔ میکسویل نے65 گیندوں پر 14 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 145 رنز بنائے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سنچری بنانے والے تیسرے آسٹریلیائی اوپنر بن گئے جبکہ یہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں آرن فنچ (2013ء میں 156 رنز بمقابل انگلینڈ) کے بعد دوسرا بڑا انفرادی اسکور ہے۔ ہیڈ 45 رنز بنا کر آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی ٹیم ریکارڈ ٹارگٹ کے تعاقب میں لڑکھڑا گئی۔ تاہم کپتان چندیمل نے چمرا کاپوگدیرا کے ساتھ مل کر 44 رنز کی شراکت قائم کی اور سری لنکا کو بدترین شکست سے بچالیا۔ میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 178/9 بنائے اور میچ 85 رنز سے ہار گئی۔ چندیمل 58 اور کاپوگدیرا 43 رنز بنا کر سری لنکا کی جانب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ آسٹریلیا کیلئے مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولاند نے 3،3 وکٹیں حاصل کئے۔ آسٹریلیا نے اس کامیابی کے ساتھ دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔ سیریز کا دوسرا میچ 9 ستمبرکو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا نے ٹسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو 0-3 سے شکست دی تھی ۔ تاہم میزبانوں کو ونڈے سیریز میں 1-4 کی کراری شکست ہوگئی۔