آسٹریلیا کو آسان نہ سمجھیں: تنڈولکر

ممبئی۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )  ہندوستانی سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے آسٹریلیا کے خلاف میزبان ہندوستانی ٹیم کو کامیابی کے لئے پسندیدہ قرار تو دیا ہے لیکن مہمان ٹیم کو آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم اسٹیو اسمتھ کی زیر قیادت آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا 23 فبروری کو پونے میں آغاز کر رہی ہے ۔ سچن نے کہا ہے کہ آسٹریلیائی ٹیم ایک مضبوط ٹیم ہے جسے ہندوستانی وکٹوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ لیکن میزبان ٹیم آسٹریلیا کو آسان حریف تصور نہ کرے ۔ سچن نے مزید کہاکہ میزبان ٹیم اس سیریز کی بہترین تیاری کرے گی اور کامیابی کے لئے پسندیدہ موقوف میں رہے گی۔ لیکن آسٹریلیائی ٹیم بھی کامیابی کے لئے کوشاں رہے گی ۔ اسپورٹس کی اشیاء کی افتتاحی تقریب میں مذکورہ سیریز کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے  تنڈولکر نے مزید کہا کہ ہندوستانی ٹیم اپنے گھریلو میدانوں پر کافی مضبوط ٹیم ہوتی ہے تاہم اس سیریز میں اسے تن آسانی نہیں کرنی ہوگی ۔