آسٹریلیا نے ہندوستان پر لفظی حملے شروع کر دیئے

سڈنی، 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ میںہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کل جمعرات کو ہو گا لیکن میزبان پلیئرز نے دھونی الیون پر لفظی گولے برسانا شروع کر دیئے۔ آسٹریلیائی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے اس سلسلے کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ورلڈ کپ سے قبل باہمی سیریز میں ہمارے ہاتھوں ملنے والی شکستوں کو یاد رکھے، وہ ایک بھی میچ نہیں جیت پائے تھے، امید ہے کہ یہ بات ان کے دل و دماغ میں واضح ہوگی، میکسویل نے مزید کہا کہ آج ہونے والے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی آسٹریلیا کی ٹیم اپنی جیت کا یہ سلسلہ جاری رکھے گی،ہندوستانی ٹیم لیگ کے تمام مراحل جیت کر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی ہے، وہ ابھی تک حریفوں کیلئے ناقابل تسخیر رہی ہے۔ اس بابت میکسویل نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں دھونی الیون کو اپنا شکار بنایا تھا، ہمارے خلاف باہمی سیریز میں وہ ایک بھی میچ نہیں جیت پائے تھے، مجھے پورا یقین ہے یہ بات ان کے دل و دماغ میں موجود ہو گی، میکسویل نے مزید کہا کہ جس حکمت عملی کے ساتھ ہم نے اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کا سامنا کیا تھا، آج سیمی فائنل میں بھی اسی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، دھونی الیون کے بہترین ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ اگروہ اچھی ٹیم نہیں ہوتے تو سیمی فائنل تک کیسے پہنچ پاتے۔