آسٹریلیا نے ٹرائی سیریز جیتی، میزبان ویسٹ انڈیز ناکام

271 کے ٹارگٹ پر ویسٹ انڈیز 212 آل آؤٹ ۔ مچل مارش کو میچ ایوارڈ ، ہیزل ووڈ سیریز کے بہترین کھلاڑی
برج ٹاؤن ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپئن آسٹریلیا نے ٹرائی سیریز کے فائنل میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 58 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔ برج ٹاؤن میں کھیلے گئے فائنل کا ٹاس آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے جیتا اور پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم لوور آرڈر بیٹسمنوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن ٹیم روایتی انداز میں بہت بڑا اسکور ترتیب نہ دے سکی۔ آسٹریلیا کو پہلا نقصان عثمان خواجہ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 28 کے اسکور پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد آرن فنچ نے برق رفتار 47 رنز بنائے اور 69 کے اسکور پر پویلین لوٹے۔ کپتان اسمتھ نے ایک دفعہ پھر ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور پہلے جارج بیلی اور پھر مچل مارش کے ساتھ مل کر اسکور کو 152 رنز تک پہنچا دیا اور 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر ؍ بیٹسمن میتھیو ویڈ نے 57 رنز (ناٹ آؤٹ) بنا کر آسٹریلیا کو قابل دفاع ٹارگٹ مقرر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مارش نے 32، مچل اسٹارک نے 17، ناتھن کولٹرنائل نے 15 اور آڈم زمپا نے 5 رنز بنا کر اُن کا ساتھ دیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 270/9 بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر اور گیبرئیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کے بلے باز 271 رنز بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔ گزشتہ میچوں میں سنچریاں بنانے والے ڈارن براوو اور مارلن سامیلز فائنل میں ناکام ہوئے اور 6،6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اوپنر جانسن چارلس 45 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ دنیش رام دین نے 40 رنز کی اننگز کھیل کر آسٹریلیا کے خلاف مزاحمت کی لیکن جوش ہیزل ووڈ نے اُن کی کوششوں کو وکٹیں اُڑا کر ناکام بنا دیا۔ کپتان ہولڈر 34، سنیل نرائن 23 اور آل راؤنڈر کیرن پولارڈ 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 45.4 اوورز میں 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 58 رنز سے سیریز بھی ہار گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے 9.1 اوورز میں ایک میڈن کے ساتھ 5/50 کے اعداد وشمار درج کرائے۔ مارش 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ مارش کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین جبکہ ہیزل ووڈ کو ’مین آف دی سیریز‘ قرار دیا گیا۔