آسٹریلیا مختلف برانڈ کی ’کرکٹ بال‘ استعمال کرے گا

ملبورن ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں کرکٹ کے کھلاڑیوں کو ایشز سیریز کیلئے تیار کرنے کے پیش نظر فرسٹ کلاس کرکٹ میں استعمال کی جانے والی کرکٹ کی گیند کو اگلے سال سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا نے گزشتہ 16 برس سے ایشز سیریز میں انگلینڈ کو اُن کی سرزمین پر شکست نہیں دی ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی مقابلوں میں ’ڈیوک بال‘ کا استعمال کراتا ہے جبکہ آسٹریلیا میں فرسٹ کلاس اور انٹرنیشنل میچز میں ’کوکابورا‘ گیند استعمال کی جاتی ہے۔ آسٹریلیا میں کرکٹ جنرل منیجر پیٹ ہاورڈ نے کہا ہے کہ گیند کی تبدیلی اہم عنصر ثابت ہو سکتا ہے۔ آسٹریلیا کی ’’شفلیڈ شیلڈ‘‘ کے فرسٹ کلاس مقابلوں کے دوسرے مرحلے میں ’ڈیوک بال‘ استعمال کی جائے گی جبکہ ان اہم مقابلوں کے پہلے مرحلے میں ’کوکابورا‘ گیند ہی استعمال ہوگی۔ آسٹریلیا نے 2001ء کے بعد سے انگلینڈ کو ایشز سیریز میں انگلینڈ کی سرزمین پر شکست نہیں دی ہے جس کا ایک سبب ہوا میں گھومتی اور سوئنگ ہوتی گیندوں کو کھیلنے میں مہارت کا فقدان اور آسٹریلیائی بولروں کیلئے اس طرح کی گیندوں سے بولنگ کرنے میں دشواری ہے۔ آسٹریلیا 2017-18ء میں ایشز مقابلوں کی میزبانی کرے گا اور اگلے برس 2019 ء میں ایشز سیریز انگلینڈ میں منعقد ہوگی۔ ہاورڈ نے کہا کہ مختلف برانڈ کی گیندیں استعمال کرنا اہم تبدیلی ثابت ہو گی۔