آسٹریلیا ایشس سیریز میں 5-0 کی کامیابی کی سمت گامزن

سڈنی 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کو پھر ایک مرتبہ 155 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد آسٹریلیائی ٹیم نے یہاں سڈنی کرکٹ کراؤنڈ پر کھیلے جارہے ایشس سیریز کے پانچویں اور آخری ٹسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 311 رنز کی صحتمند سبقت حاصل کرلی ہے اور اِس طرح وہ رواںسیریز میں انگلینڈ کا 5-0 سے مکمل صفائے کے سمت گامزن ہے۔ آسٹریلیا نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان کے بعد 140 رنز اسکور کرلئے ہیں جس میں اوپنر کرس راجرس نے 89 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کا تعاون دیا ہے۔

راجرس کے ہمراہ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین جارج بیلی ہیں جنھوں نے 32 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 20 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ آسٹریلیا کیلئے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 20 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 16، شین واٹسن 9 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 9 رنز، کپتان مائیکل کلارک 18 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز اور پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے اسٹیو اسمتھ نے 12 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز اسکور کئے۔

انگلش ٹیم کے لئے جیمس اینڈرسن نے 10 اوورس میں 36 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسٹیورٹ براڈ اور بین اسٹوکس بالترتیب 26 اور 36 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں انگلینڈ نے اپنے کل کے اسکور 8/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن اِس کے ابتدائی پانچ کھلاڑیوں میں کوئی بھی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا۔ جیسا کہ الیسٹر کک (7) ، مائیکل کیری بیری (0) ، جیمس اینڈرسن (7) ، ایان بیل (2) اور کیون پیٹرسن (3) جس وقت آؤٹ ہوئے اُس وقت ٹیم کا اسکور 62/6 تھا۔ لوور آرڈر میں بین اسٹوک نے 101 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 47 رنز اسکور کئے۔ دیگر بیٹسمنوں میں بیلنس (18) اور بیرسیٹو (18) کے علاوہ اسٹیورٹ براڈ نے 22 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 30 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیا کے لئے ریان ہائرس نے36 رنز، مچل جانسن نے 33 رنز اور پیٹرسیڈل نے 23 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اسپنر نیتھن لیون نے 15 اوورس میں 57 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔