دبئی۔3 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز 7 اکتوبر سے کھیلی جائے گی اور سیریز کے ذریعے دونوں ٹیموں کودرجہ بندی میں اپنا مقام بہتر کرنے کا بہترین موقع ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی موجودہ درجہ بندی میں آسٹریلیا 106 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ پاکستان 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ سیریز میں فتح کے ذریعے پاکستان درجہ بندی میں برتری کے ساتھ ساتھ اپنے ریٹنگ پوائنٹس بھی بہتر کر سکتا ہے جبکہ آسٹریلیا کے پاس بھی عالمی نمبر دو بننے کا موقع موجود ہے۔پاکستانی ٹیم سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ کرنے میں کامیاب رہتی ہے تو وہ 9 پوائنٹس حاصل کر کے چھٹے نمبر پر موجود سری لنکا پر معمولی برتری کے ساتھ درجہ بندی میں ایک مقام کی بہتری حاصل کر لے گی جبکہ آسٹریلیا کے پوائنٹس کم ہو کر 100 رہ جائیں گے۔سیریز 1-0 سے جیتنے کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 95 ہو جائیں گے اور آسٹریلیا کے پوائنٹس 102 ہوں گے جبکہ سیریز ڈرا ہونے کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 90 اور آسٹریلیا کے 105 ہو جائیں گے۔ اگر آسٹریلیا سیریز 1-0 سے جیتنے میں کامیاب رہتا ہے تو پاکستان دو پوائنٹس گنوا بیٹھے گا اور آسٹریلیا ایک پوائنٹ حاصل کر کے عالمی نمبر دو بن جائے گا جبکہ سیریز میں 2-0 سے کامیابی کی بدولت آسٹریلیا کے پوائنٹس 109 ہو جائیں گے اور پاکستان کے پوائنٹس کم ہو کر 84 رہ جائیں گے۔ دوسری جانب ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے ذریعے ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے ریٹنگ پوائنٹس میں بہتری لا سکتی ہے جو اس وقت 77 ہیں تاہم دو میچوں کی سیریز میں 2-0 کامیابی ان کے پوائنٹس کی تعداد 84 تک پہنچا دے گی جبکہ ہندوستان عالمی نمبر ایک کے منصب سے محروم ہو سکتا ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 109ہو جائے گی لیکن عالمی درجہ بندی کا انحصار پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے نتیجے پر ہو گا۔ سیریز میں 2-0 سے کامیابی عالمی نمبر ایک ہندوستان کے مقام کو مزید مستحکم کرد ے گی اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس 116 ہو جائیں گے۔
آسٹریلیا کامیابی کیلئے پرعزم
دبئی ۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹسٹ کی سیریز اتوار کو دبئی میں شروع ہورہی ہے اور اس سیریز میں کامیابی کیلئے آسٹریلیائی ٹیم کافی پرعزم ہے ۔آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا تیسرے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔اگر پاکستان سیریز 2-0 سے جیت لیتا ہے تو وہ سری لنکا کی جگہ چھٹے مقام پر آجائے گا۔اگر آسٹریلیا سیریز 1-0 سے جیت گیا تو آسٹریلیا عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کی جگہ دوسرے نمبر پر آجائے گا۔ عثمان خواجہ20 ویں نمبر پر ہیں۔بولنگ میں مچل اسٹارک 14ویں اور ناتھن لائن16ویں نمبر پر ہیں۔پاکستانی اوپنر اظہر علی پندرہویں مقام پر ہیں۔ٹم پین کی قیادت میں آسٹریلیائی ٹیم سیریز میں کامیابی کیلئے پر عزم ہے-