آسٹریلیائی کھلاڑی بریڈ ہیڈن ونڈے کرکٹ سے سبکدوش

سڈنی17 مئی(سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا کو ورلڈ کپ 2015 میں چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے وکٹ کیپر، بیٹسمین بریڈ ہیڈن نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا۔مارچ میں ہوئے ورلڈ کپ میں وکٹ کے پیچھے اہم کردار ادا کرنے والے ہیڈن نے کہا کہ، میرا ون ڈے کیریئر اچھا رہا۔میں خوش قسمت رہا کہ مجھے تین ورلڈ کپ میں کھیلنے کا موقع ملا۔اب یہ صحیح وقت ہے جب مجھے کرکٹ کے اس فارمیٹ کو الوداع کہہ دینا چاہئے۔میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میں نے اپنے ہی ملک میں ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائی اور میرے ریٹائرمنٹ کے وقت ٹیم ایک نمبر پر ہے۔میں نے جو کچھ بھی حاصل کیا اس پر مجھے فخر ہے۔37 سالہ ہیڈن نے مجموعی طور پر 126 ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ان کے نام 31۔35 کی اوسط سے 3122 رنز درج ہیں۔وکٹ کے پیچھے اہم کردار ادا کرتے ہوئے انہوں نے 170 کیچ اور 11 اسٹمپگ بھی کی ہیں۔ان کا سب سے زیادہ سکور 110 رنز ہے جو انہوں نے 2010 میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنایا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے کہا، ہیڈن ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور ان کے جانے سے ٹیم میں ایک عظیم کھلاڑی کی کمی ہو گئی ہے جسے بھر پائی مشکل ہے۔