لاہور ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شکست کی صورت میں مصباح الحق کو کپتانی سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ شہریار خان نے بیرونی نشریاتی ادارہ کو انٹرویو میں کہا کہ یہ بات بالکل غلط ہے کہ سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد مصباح الحق کو وارننگ دے دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل مصباح الحق زبردست بیٹنگ فارم میں تھے اور صرف ایک سیریز کی خراب فارم کو بنیاد بنا کر انھیں کپتانی سے ہٹا دینا زیادتی ہوگی۔ شہریار نے کہا کہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ سری لنکا اور آسٹریلیا صف اول کی ٹیمیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مصباح الحق سے ملاقات میں بھی انھوں نے یہ بات کہہ دی تھی کہ وہ انھیں کپتان دیکھنا چاہتے ہیں، البتہ یہ ضرور پوچھا تھا کہ اُن کا ’ فریم آف مائنڈ‘ کیا کہہ رہا ہے۔