آسام میں بی جے پی رکن اسمبلی نے استعفیٰ واپس لے لیا

گوہاٹی 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے رکن اسمبلی تیرش گوالہ نے کسی مسئلہ پر چیف منسٹر آسام سربانند سونوال کو ان کا استعفیٰ پیش کرنے کے دو دن بعد جمعرات کو اسمبلی کی رکنیت سے دیئے گئے ان کے استعفیٰ کو واپس لے لیا۔ گوالہ نے تاہم ان کا استعفیٰ اسپیکر اسمبلی کو پیش نہیں کیا تھا۔ پہلی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے اس ایم ایل اے نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’چیف منسٹر نے کل رات اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے مجھ سے ملاقات کرنے کے لئے کہا تھا۔ انھوں نے تقررات کے سلسلہ میں ہونے والی پیچیدگیوں کے بارے میں واقف کروایا کیوں کہ اس میں مختلف طبقات اور علاقوں کے لوگوں کو مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے، گوالہ نے کہاکہ چیف منسٹر نے اس تعلق سے میری تشویش اور فکرمندی کی ستائش کی اور اس بات کا تیقن دیا کہ مستقبل میں اس کا خیال رکھا جائے گا۔ چونکہ انھوں نے شخصی طور پر مجھ سے استعفیٰ واپس لینے کی خواہش کی اس لئے میں نے اس کا فیصلہ کیا ہے۔ میں نے آج صبح انھیں ایک لبل روانہ کیا اور استعفیٰ سے دستبرداری اختیار کی۔ 23 اکٹوبر کو بی جے پی کے اس رکن اسمبلی نے کہا تھا کہ آسام گیس کمپنی لمیٹیڈ (اے جی سی ایل) میں حالیہ تقرر میں انھیں نظرانداز کردیا گیا۔ وہ ایک وجہ ہے۔ اے جی سی ایل ڈولیا جان میں ہے اور عوام نے مجھے ان کا نمائندہ بنایا ہے۔ وہ مجھ سے کچھ توقعات رکھتے ہیں۔ مجھ سے مشاورت کے بغیر اس کمپنی میں تقررات کئے گئے۔ حکومت کو اس سلسلہ میں مجھ سے مشورہ کرنا چاہئے تھا۔