آر کے سنگھ کے تبصرے سے بی جے پی کا اصلی رنگ ظاہر : نتیش کمار

کھگاریا ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار بی جے پی رکن پارلیمنٹ آر کے سنگھ کے اس تبصرہ پر کہا پارٹی کے ٹکٹ بہار میں فروخت کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا کہ اس سے بی جے پی کے اصلی رنگ ظاہر ہوگئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو بی جے پی اتحاد کی بات کرتی ہے تو دوسری طرف این ڈی اے میں اختلافات ، خانہ جنگی اور مشکلات درپیش ہیں ۔ انہوں نے صدر آر ایس ایس موہن بھاگوت کے تحفظات کی پالیسی کے بارے میں تبصرہ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اگر بہار میں بی جے پی زیرقیادت اتحاد انتخابی کامیابی حاصل کرے تو دیگر پسماندہ طبقات درجہ فہرست ذاتوں اور درجہ فہرست قبائیل کیلئے تحفظات ختم کردیئے جائیں گے ۔ آر ایس ایس کے سربراہ نے برسرعام اس کا مطالبہ کیا ہے ۔ دراثناء پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب بی جے پی کے رکن اسمبلی وکرم کنور نے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ آر کے سنگھ کے سنسنی خیز دعوے کی تائید کی کہ بی جے پی نے مجرم افراد کو بہار انتخابات کے ٹکٹ فروخت کئے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں بھی رگھوناتھ پور سے ٹکٹ نہیں دیا گیا اور ایک دل بدلنے والے شخص کو یہ ٹکٹ فروخت کردیا گیا ۔