نارائن پیٹ میں اقلیتی اقامتی اسکول کیلئے 240 طلبہ منتخب
نارائن پیٹ 31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ اقلیتی اقامتی اسکول میں داخلوں کے لئے آج اسکول کے احاطہ میں قرعہ اندازی کی گئی۔ 28 مئی داخلوں کی آخری تاریخ تک 321 درخواستیں آن لائن داخل کی گئی تھیں جبکہ تین جماعتوں کے لئے 240 نشستوں کی گنجائش ہے۔ آر ڈی او نارائن پیٹ مسٹر سرینواسلو اور تحصیلدار مسٹر رامیشور ریڈی کی نگرانی میں قرعہ اندازی کے ذریعہ 240 طلباء کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسکول پرنسپل مسٹر بالا نرسمہا سوامی نے بتایا کہ منتخب طلباء 4 جون کو اپنے اسناد کی جانچ کروائیں۔ بعد تنقیح اسکول میں داخلہ دیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ داخلے کو وقت، انکم سرٹیفکٹ، پیدائشی، صداقت نامہ، اسکول ٹی سی، آدھار کارڈ، راشن کارڈ، پاسپورٹ سائز تصاویر ساتھ لائیں۔ اس موقع پر ایم ای او نارائن پیٹ مسٹر بالا کشٹیا، ڈسٹرکٹ انچارج اقامتی اسکول جناب شعیب تاچی، نارائن پیٹ اقامتی اسکول انچارج جناب عمران خان کے علاوہ مہمانان خصوصی کے طور پر مسرز محمد ظہیرالدین، محمد منیر احمد فاروقی، عبدالقادر، سرفراز حسین، مجاہد صدیقی، محمود انصاری، محمد فیروز، ارشد فیصل، حافظ محمد تقی و دیگر نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ نارائن پیٹ اقلیتی اقامتی اسکول کے لئے مختص کی گئی قدیم گروکلا ہاسٹل کی عمارت کی تعمیر و مرمت کا کام پائے تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔ قرعہ اندازی کے موقع پر طلباء و اولیائے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔
شادی شدہ خاتون کی مشتبہ حالت میں موت
یلاریڈی 31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایک شادی شدہ خاتون مشتبہ حالت میں فوت ہوگئی۔ منڈل لنگم پیٹ سب انسپکٹر مسٹر راج شیکھر کے مطابق منڈل کے ٹٹ پلی سنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے رمیش سے میدک ضلع کی 25 سالہ پشپا لتا کے ساتھ 6 سال قبل شادی انجام پائی تھی۔ ان کی بیٹی کے ساتھ چار ماہ کا لڑکا بھی ہے۔ گھریلو سامان لانے کے لئے شوہر اتوار کی رات باہر گیا۔ گھر کے باہر بیٹھ کر اپنے بچہ کو دودھ پلارہی پشپا لتا وہیں فوت ہوگئی۔ پولیس کے ساتھ تحصیلدار نے بھی موضع پہونچ کر تفصیلات حاصل کیں۔ متوفی کے افراد خاندان کو اطلاع دینے پر یہ لوگ شبہات کررہے ہیں۔ پولیس میں شکایت پر پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کررہی ہے۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے دواخانہ منتقل کردیا گیا۔