آر ٹی سی بس حادثہ میں ڈگری طالب علم کی موت

بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ، نارائن گوڑہ پولیس مصروف تحقیقات ہے
حیدرآباد 11 فروری (سیاست نیوز) قلب شہر نارائن گوڑہ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ڈگری کا طالب علم برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب 18 سالہ اودے کرن متوطن ضلع کھمم نارائن گوڑہ کے دیویا سائی بوائز ہاسٹل میں مقیم تھا اور آر ٹی سی چوراہے پر واقع ارورہ ڈگری کالج میں بائیو ٹیک سال اوّل کی تعلیم حاصل کررہا تھا، اتوار کی صبح اودے کرن رامنتاپور میں مقیم اپنے ماموں لکشمن کے مکان گیا تھا اور اُن کے ارکان خاندان کے ساتھ تفریح کے لئے وہ ونڈریلا پارک بھی گیا تھا۔ رات گیارہ بجے اودے کرن نے رامنتاپور سے 113k بس میں سوار ہوکر نارائن گوڑہ کراؤن کیفے پہونچا اور چلتی بس سے اُترنے کی کوشش کے دوران اچانک وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور عقبی ٹائر میں آگیا۔ اودے کرن کا سر پاش پاش ہوگیا اور حادثہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس نارائن گوڑہ نے متوفی طالب علم کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور آر ٹی سی بس ڈرائیور کوٹا راجو کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس جائے حادثہ کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ حاصل کررہی ہے تاکہ اِس کیس میں شواہد اکٹھا کئے جاسکیں۔