آر ٹی آئی قواعد میں تبدیلی کی کوشش: کانگریس

نئی دہلی 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج مودی حکومت پر آر ٹی آئی قواعد میں تبدیلی لانے کی کوشش کا الزام عائد کیا اور جاننا چاہا کہ کیا حکومت عوام کو مشتعل کرنا چاہتی ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آر ٹی آئی قواعد کو تبدیل کرنے کی کوشش کے پس پردہ حکومت کے کیا ارادے ہیں؟ اِس کا مقصد شہریوں کو معلومات حاصل کرنے کا حق دینا ہے یا پھر اُنھیں مشتعل کرنا ہے؟ اُنھوں نے بتایا کہ ایسی کئی اطلاعات مل رہی ہیں کہ حکومت حق اطلاعات قواعد میں تبدیلی لانے کی کوشش کررہی ہے۔ اِس کے لئے درخواست گذاروں پر الفاظ کی حد عائد کرنے اور چارجس میں اضافہ کا منصوبہ ہے۔ اِس طرح اطلاعات کا حصول بھی مہنگا ہوجائے گا۔ حکومت کی اِس تجویز نے پہلے ہی آر ٹی آئی کارکنوں کو پریشان کر رکھا ہے اور اُن کا یہ کہنا ہیکہ حکومت اِس قانون کو بے اثر کرنا چاہتی ہے۔ 2005 ء میں آر ٹی آئی قانون منظور کیا گیا تھا جس کے تحت شہریوں کو اہم فیصلوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور حکومت سے سوال کرنا کا حق فراہم کیا گیا تھا اور اِس کا مقصد سرکاری نظام میں شفافیت لانا بھی تھا۔ 2015-16 ء میں مرکزی حکومت کو تقریباً ایک کروڑ درخواستیں آر ٹی آئی کے تحت موصول ہوئی تھیں۔