آر جے ڈی میں مخالفت کی تلواریں نیام سے باہر

تیجسوی سے حزب مخالف کے قائد کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ
پٹنہ۔27مئی (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتادل میں جو ناراضگی کا لاوا پک رہا تھا وہ لوک سبھا انتخابات میں اس کے بالکل صفائے کے بعد پھٹ کر باہر آگیا اور اار جے ڈی کے ایک سینئر رکن اسمبلی مہیشور پرساد یادو نے دو شنبہ کو تیجسوی یادو سے انتخابات میں شرمناک شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قائد حزب مخالف کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’پریوار واد ‘‘ ( خاندانی سیاست) نے پارٹی کو بہت زیادہ نقصان پہنچادیا۔ مہیشور پرساد گائے گھاٹ اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی ہیں جو ضلع مظفر پور میں واقع ہے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ ان کے مطالبہ پر عمل نہیں کیا گیا تو پارٹی ٹوٹ جائے گی۔ انہوںن ے تیجسوی یادو سے کہا کہ وہ پارٹی کے اس زوال کی ذمہ داری قبول کریں۔ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں اور خود حزب مخالف کے نئے قائد کا انتخاب کریں جس کا تعلق یادو ذات سے نہ ہو بلکہ کسی اور ذات سے ہو۔ آر جے ڈی نے انتخابات سے پہلے ہی یادو خاندان میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ لالو پرساد کے جیل چلے جانے کے بعد باہمی اختلافات کی یکسوئی کا راستہ کسی قدر بند ہوگیا تھا۔