نئی دہلی 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن میں جو منگل کو شروع ہورہا ہے، اپوزیشن رافیل جیٹ معاملت کی تحقیقات کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے لئے زور دے گی اور کئی دیگر مسائل اُٹھائے گی جن میں تحقیقاتی ایجنسیوں کا بیجا استعمال اور آر بی آئی کی خود مختاری شامل ہے، کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے یہ بات کہی۔ سرمائی اجلاس سے قبل حکومت کی طلب کردہ کُل جماعتی میٹنگ سے باہر آتے ہوئے راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر نے آج کہاکہ اپوزیشن پھر ایک بار جے پی سی کی تشکیل کا مطالبہ کرے گی تاکہ 58 ہزار کروڑ روپئے کی رافیل جیٹ معاملت کا جائزہ لیا جاسکے جس میں مبینہ طور پر کرپشن ہوا ہے۔ آزاد نے میڈیا والوں کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کے لئے تحقیقاتی ایجنسیوں کے مبینہ بیجا استعمال کا مسئلہ بھی اُٹھایا جائے گا۔ نیز اپوزیشن ریزرو بینک آف انڈیا کی خود مختاری کے مسئلہ کو بھی ایوان میں پیش کرے گی۔