نئی دہلی۔ 11؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ کانگریس نے آج نریندر مودی کی آر ایس ایس قائدین سے ملاقات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر سنگھ کا حکم چلتا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ مودی سے آر ایس ایس ریمورٹ کنٹرول کے ذریعہ کام لے رہا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ناگپور کا یہ ریمورٹ کنٹرول کسی کو بھی جوابدہ نہیں ہے۔ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار اب 56 اِنچ سینے کے ساتھ ریمورٹ کنٹرول کے سوائے اور کسی کو نظر نہیں آئیں گے۔ پارٹی کے ترجمان ابھیشیک سنگوی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ انتخابات کے دوران مودی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی پر حکومت کو ریمورٹ کنٹرول کے ذریعہ کسی جوابدہی کے بغیر چلانے کا الزام عائد کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک ثقافتی تنظیم ہے۔ سنگوی نے اظہار حیرت کیا کہ کیا سنگھ نے الیکشن کمیشن کو اپنے حسابات پیش کئے ہیں اور کیا وہ عوام کے سامنے جوابدہ تھی؟