آر ایس ایس قائدین سے راجناتھ سنگھ کی ملاقات

حکومت سازی کے لئے حکمت ِ عملی تیار کرنے پر تبادلۂ خیال
نئی دہلی۔ 11؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ آر ایس ایس کے اعلیٰ قائدین سے نریندر مودی کی طویل ملاقات کے ایک دن بعد بی جے پی صدر راجناتھ سنگھ نے آج سنگھ پریوار کے قائدین سے ملاقات کی۔ سمجھا جاتا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ کے کل اختتام پذیر ہونے کے بعد حکومت سازی کے لئے حکمت ِ عملی تیار کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس میں آر ایس ایس کے اعلیٰ قائدین جیسے بھیاجی جوشی اور آر ایس ایس کے نکتہ نظر کی شخصیت جو بی جے پی سے مشاورت کرتی ہے، سریش سونی بھی اجلاس میں موجود تھے۔

بی جے پی صدر کے ساتھ بند کمرہ کی یہ ملاقات اہمیت کی حامل سمجھی جارہی ہے۔ جھنڈے والان میں آر ایس ایس دفتر پر تقریباً دو گھنٹے تک اجلاس جاری رہا۔ آر ایس ایس قائدین سے راجناتھ سنگھ کی ملاقات بی جے پی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی موہن بھاگوت سے کل ہوئی ملاقات کے بعد ہوئی ہے۔ البتہ راجناتھ سنگھ کے اجلاس میں آر ایس ایس صدر موہن بھاگوت شریک نہیں تھے۔ راجناتھ سنگھ نے آخری مرحلہ کی پولنگ کے بعد نتائج کے ساتھ ہی روہنما ہونے والی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔ اس ملاقات کے بارے میں پوچھے جانے پر بی جے پی صدر کے قریبی ذرائع نے کہا کہ آر ایس ایس ورکرس نے انتخابات میں سخت محنت کی ہے، اس لئے راجناتھ سنگھ نے سنگھ کی قیادت سے اظہار تشکر کے لئے ملاقات کی۔