آج کوپا امریکہ فائنل ، میسی خطاب کیلئے پُرعزم

نیویارک 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) لیونل میسی اپنے عہد کے ایک عظیم فٹبالر تصور کئے جاتے ہیں اور انھیں کل 23 برس بعد ارجنٹینا کو ایک بڑا خطاب دلوانے کا موقع دستیاب ہے جیسا کہ اتوار کو کوپا امریکہ کا خطابی مقابلہ چلّی کے خلاف کھیلا جائے گا جس میں میسی اپنی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ میسی کی صلاحیتوں کا ہر گوشہ سے اعتراض کیا جاتا ہے اور وہ 5 مرتبہ سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ اپنے کرئیر میں میسی نے وہ تمام اعزازات حاصل کئے ہیں جو کسی بھی کھلاڑی کو ایک عظیم کھلاڑی بناتا ہے نیز انھیں پلے اور ڈیگو میراڈونا کی صف کا کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے لیکن اِن کی الماری میں ایک بڑے ٹورنمنٹ کی ٹروفی سجنا ہنوز باقی ہے اور اُمید کی جارہی ہے کہ کل کھیلے جانے والے خطابی مقابلے میں وہ 81 ہزار شائقین کی موجودگی میں میٹ لائف اسٹیڈیم میں ٹروفی اٹھائیں گے۔ گزشتہ تین برسوں میں میسی اور ان کے ساتھیوں کے لئے یہ تیسرا فائنل ہے جیسا کہ انھیں 2014 ء ورلڈکپ کے فائنل میں انھیں جرمنی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ گزشتہ برس سینڈیگو میں کھیلے گئے کوپا امریکہ کپ کے فائنل میں چلی کے خلاف پینالٹی میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔