آج کولکتہ بمقابلہ پنجاب‘ فاتح ٹیم کو فائنل میں رسائی کا موقع

کولکتہ۔ 26؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ آئی پی ایل 7 میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والی ٹیم کنگس الیون پنجاب کا کل یہاں تاریخی میدان ایڈنس گارڈن میں ٹورنمنٹ کی سب سے زیادہ بتدریج خود کو معتبر بنانے والی میزبان ٹیم سے پہلے کوالیفائیر مقابلے میں سامنا ہوگا ۔ سابق میں ایک کمزور تصور کی جانے والی پنجاب کنگس الیون نے اس مرتبہ غیر معمولی مظاہرے کرتے ہوئے خود کو رواں سیزن ایک طاقتور ٹیم بنا لیا ہے ۔ جبکہ دوسری جانب کولکتہ نائیٹ رائیڈرس جس نے ابتدائی سات مقابلوں میں صرف دو فتوحات حاصل کرتے ہوئے خود کے لئے حالات مشکل ترین کرلئے تھے

لیکن اس کے بعد ناقابل شکست رہتے ہوئے میزبان ٹیم نے اب خود کو ایک اور خطاب سے محض دو فتوحات کی دوری پر رکھ لیا ہے ۔ یوسف پٹھان جنھوں نے 22 گیندوں میں 72 رنز کی ایک تاریخ ساز اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو ٹورنمنٹ میں ایک شاندار موقف فراہم کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں کنگس الیون پنجاب کو یقینی طور پر پسندیدہ موقف حاصل رہے گا لیکن جارج بیلی کی زیر قیادت ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہے

کیونکہ وہ کسی بھی لمحہ مقابلے کو اپنے حق میں کرسکتی ہے ۔ دونوں ہی ٹیمیں اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں کہ وہ خطاب سے صرف دو فتوحات دور ہیں کیونکہ اس کوالیفائیر مقابلے کی فاتح ٹیم راست فائنل میں رسائی حاصل کرے گی جبکہ شکست برداشت کرنے والی ٹیم کو ایک اور موقع دستیاب رہے گا کیونکہ وہ پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم کے خلاف ایک اور مقابلے میں شرکت کرے گی جس کے بعد فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوگا ۔ کل کھیلے جانے مقابلے میں میزبان ٹیم کے لئے پھر ایک مرتبہ یوسف پٹھان توجہ کا مرکز ہوں گے جنھوں نے گذشتہ چند مقابلوں اور خصوصاً سن رائیزرس حیدرآباد کے خلاف دو مرتبہ انتہائی تباہ کن اننگز کھیلتے ہوئے خود کو خطرناک بیٹسمین ثابت کر دیا ہے ۔ یوسف پٹھان نے دنیا کے خطرناک فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے ایک اوور میں 26 رنز اسکور کرتے ہوئے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی لمحہ کتنا خطرناک روپ اختیار کرسکتے ہیں۔

کے کے آر کو ٹیموں کی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز چینائی سوپرکنگس سے دوسرا مقام حاصل کرنے کیلئے سن رائیزرس حیدرآباد کے خلاف 161 رنز کا نشانہ 15.2 اوورس میں حاصل کرنا تھا اور اس موقع پر یوسف پٹھان نے آئی پی ایل کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مقصد کو یقینی بنایا ۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی صف بندیوں میں یوسف پٹھان جس طرح خطرناک کھلاڑی ہیں ویسے ہی پنجاب کی صف میں گلین میکس ویل ہے جو کہ صرف چند گیندوں میں مقابلہ کا رخ اپٹی ٹیم کے حق میں کرسکتے ہیں ۔ میکس ویل کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت پنجاب 2 مرتبہ چینائی سوپر کنگس اور ایک مرتبہ حیدرآباد کے خلاف 200 رنز کا کامیاب تعاقب کیا ۔ میدان کی وکٹ گذشتہ روز سے ڈھانکی ہوئی ہے کیونکہ بارش سے وکٹ کو متاثر ہونے سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور دونوں ہی ٹیمیں بارش کی پیش قیاسی سے فکرمند ہیں ۔ حالانکہ 28 مئی کا دن مقابلے کے لئے محفوظ رکھا گیا ہے

، لیکن دونوں ہی ٹیمیں جلد از جلد بہتر نتیجہ حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔ یوسف پٹھان کے اور میکس ویل کے علاوہ میزبان ٹیم میں رابن اتھپا اور مہمان ٹیم میں ڈیویڈ ملر کے ہمراہ دونوںٹیموںکواپنے کپتانوں بالترتیب گوتم گھمبیر اورجارج بیلی سے بہتر مظاہرے کی امید ہے۔ ابرآلود موسم میں دھیمی رفتار کے بولروں کو فائدہ حاصل رہے گا اور اس معاملے میں کے کے آر کو سبقت حاصل رہے گی جس کے پاس سنیل نارائن کے علاوہ شکیب الحسن جیسے بولر موجود ہیں۔ میکس ویل رواں آئی پی ایل میں 6 مرتبہ لیگ اسپنرس کی بولنگ پر آوٹ ہوئے ہیں لہذا شکیب الحسن آسٹریلیائی بیٹسمین کی کمزوری کا فائدہ اٹھانے کے لئے تیار ہیں ۔ پنجاب کے لئے رشی دھون اور اکشر پٹیل نے اسپن شعبہ امیدوں کے عین مطابق مظاہرہ نہیں کئے ہیں جوکہ مہمان ٹیم کے لئے تشویش کا باعث ہے ۔ پنجاب کے لئے ویریندر سہواگ اور کولکتہ کیلئے گھمبیر کی جانب سے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے کا موقع دستیاب رہے گا۔