آج بابری مسجد شہادت کی برسی

نئی دہلی 5 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کل جمعہ کو بابری مسجد کی شہادت کی 21 ویں برسی کے موقع پر سارے ملک میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ بابری مسجد کو 6 ڈسمبر 1992 کو شہید کردیا گیا تھا ۔ ملک بھر میں مختلف تنظیموں کی جانب سے بابری مسجد کی یاد میں کل یوم سیاہ اور بند کا اعلان کیا گیا ہے ۔ سکیوریٹی ایجنسیوں کی جانب سے سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے اور صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ ایودھیا شہر میں بھی بابری مسجد شہادت کی برسی کے موقع پر سخت ترین سکیوریٹی بندوبست کئے جا رہے ہیں۔ مسلم تنظیموں کی جانب سے بند اور یوم سیاہ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ہندو تنظیموں نے کل ’’ یوم فتح ‘‘ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ ایودھیا میں تقریبا 10 ہزار پولیس اہلکاروں کے علاوہ ریاپڈ ایکشن فورس اور صوبائی مسلح پولیس ( پی اے سی ) کے جوانوں کو بھی لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے متعینر کردیا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ علاوہ ازیں کسی بھی امکانی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کیلئے پی اے سی کے عملہ کی جانب سے سرجو ندی میں پٹرولنگ کی جائیگی تاکہ وہاں سے کسی کو حالات خراب کرنے کا موقع نہ ملے ۔ لکھنو میں ایودھیا کے اڈیشنل ڈی جی لا اینڈ آرڈر مکل گوئل نے کہا کہ تمام ضلع پولیس سربراہوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی طرح کی مذہبی تقریب ‘ تہوار یا ریلیوں کے علاوہ جلسوں کے انعقاد کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے جو صورتحال کا استحصال کرسکتے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایودھیا شہر میں تقریبا 24 کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے نصب کردئے گئے ہیں اور گاڑیوں و عوام کی نقل و حرکت پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ۔