نئی دہلی6اگست (سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا میں ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور محدود وسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج اسے روکنے کے لئے سماجی ماحول بنانے کامطالبہ کیاگیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے اشوک واجپئی نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں آبادی کے اضافے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔ اس کی وجہ سے ترقی کے تمام اقدامات ناکام ہو گئے ہیں۔ ترقی کے لئے حکومتوں کی تمام کوششیں بھی بے معنی ہو گئی ہیں۔انہوں نے اعداد و شمار کے حوالے سے کہا کہ دنیا کی کل آبادی کا 17.50 فیصد حصہ ہندوستان میں رہتی ہے جبکہ زمین کا فیصد صرف 2.5 ہے ۔ہندوستان کے پاس کل پانی کے وسائل صرف چار فیصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آبادی میں اضافہ کی شرح یہی رہی تو سال 2050 تک ہندوستان میں ایک ارب 60 کروڑ لوگ ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس زمین پر اتنے وسائل نہیں ہیں جو اتنی بڑی آبادی کی پرورش کر سکے ۔ یہ ایک بڑا چیلنج ہے اور اس جانب سنجیدگی سے سوچنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کو روکنے کے لئے حکومت کو سماجی ماحول بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔