آئی سی سی کی جانب سے ’ڈی آر ایس‘ کی غلطی کا اعتراف

دبئی۔یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے اڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تاریخی ٹسٹ میچ میں تھرڈ امپائر نیجل لانگ کو ناتھن لیون کے خلاف اپیل پر ڈسیڑن ریویو سسٹم (ڈی آر ایس) کے ذریعہ غلط فیصلہ دینے کا اعتراف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے فیصلے کا جائزہ لیا اور اس میں غلطی کا اعتراف کیا اورکہا کہ امپائر کی جانب سے صحیح طریقہ کار کا انتخاب کیا گیا لیکن فیصلہ غلط تھا۔ واضح رہے کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں کیوی اسپنر مچل اسیٹنر کی جانب سے آسٹریلیائی بیٹسمین ناتھن لیون کیخلاف اپیل کو امپائر نے رد کردیا تھا حالانکہ گیند کو بیٹ کو چھوتے ہوئے دکھایا گیا تھا جس پر ڈی آرایس نظام پر زبردست تنقید کی گئی تھی۔نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم ‘ تجربہ کار روس ٹیلراور کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے اس فیصلے پر سخت ردعمل آیا ہے کیونکہ یہ وکٹ نیوزی لینڈ کے لئے بہت اہم تھی۔ اس وقت آسٹریلیا کا اسکور نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 202 رنز کے جواب میں 8 وکٹوں پر 118 رنز تھا اور آسٹریلیا نے آخری دووکٹوں میں 108 رنز بنائے تھے۔تاریخ کے اولین ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔