آئی سی سی کا چیئرمین غیر جانبدار ہو: احسان مانی

کراچی۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امکان ہے کہ سپریم کورٹ میں منگل کو این سری نواسن کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین کی حیثیت کو چیلنج کردیا جائے گا۔ اسی دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ کرکٹ کی گورننگ باڈی کی چیئرمین شپ کسی غیر جانبدار شخص کو سونپی جائے۔ ایک انٹرویو میں احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی کا صدر کوئی ایسا شخص ہونا چاہیے جو کسی بورڈ کے ساتھ منسلک نہ ہو لیکن وہ کرکٹ اور کرکٹ کے امور کو بہتر انداز میں سمجھتا ہو۔ اس سلسلے میں آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم جان ہارورڈ اور برطانیہ کے وزیراعظم جان میجر یا ان جیسے رتبہ کا شخص ہوسکتا ہے جو غیر جانبدار ہو اور ان کی شخصیت غیر متنازعہ ہو۔ جان میجر سرے کائونٹی کلب سے وابستہ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ احسان مانی کے دور میں2003 سے 2006 کے دوران سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر سوماتھی پالاکو مجرمانہ الزامات کا سامنا تھا۔ اس وقت انہیں آئی سی سی اجلاس سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔