آئی سی سی کا سلمان بٹ سے رابطہ

لاہور ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ سے رابطہ کر لیا ہے۔ اور انھیں جلد دبئی طلب کیا جائے گا۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنے کی اجازت کے بعد آئی سی سی اینٹی کرپشن نے سابق کپتان سلمان کو بھی طلب کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ آئی سی سی اجلاس میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے سلمان کے رویہ کی تعریف کی اور انہیں بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی رعایت دینے کی سفارش کی ہے۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن نے سابق کپتان سے رابطہ کیا ہے اور انہیں ایک دو روز میں دبئی آنے کی حتمی تاریخ بھی دی جائے گی۔ بعدازاں سلمان بٹ کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل جانے کا امکان ہے۔