دبئی، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی نے نئی ونڈے رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔ ونڈے رینکنگ میں آسٹریلیا سرِفہرست ہے جبکہ سری لنکا تیسرے سے دوسرے نمبرپر اور ہندوستانی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئی۔ ونڈے رینکنگ میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔ بیٹسمنوں میں ویراٹ کوہلی بدستور سرفہرست ہیں جبکہ اے بی ڈی ویلیرس دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کی نویں پوزیشن ہے۔ونڈے بولرز میں سعید اجمل کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے جبکہ ڈیل اسٹین کا دوسرا نمبر ہے۔
پی سی بی کا کھلاڑیوں کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان
لاہور، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) پانچ ماہ کی تاخیر کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخر کھلاڑیوں کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا، جس میں کئی کھلاڑیوں کو حیران کن انداز میں نوازا گیا جبکہ کئی کی تنزلی پر میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئیں، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے حالیہ سمر کیمپ میں کئے گئے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ سنٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جنوری 2014 سے ہو گا، کنٹریکٹ کے تحت کھلاڑیوں کے معاوضے میں ٹسٹ کیلئے 25 فیصد جبکہ ونڈے میچز کیلئے 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ 31 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کی 4 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری میں مصباح الحق، محمد حفیظ، شاہد آفریدی، سعید اجمل اور جنید خان شامل ہیں۔ بی کیٹیگری میں عمر گل، عمر اکمل، احمد شہزاد اور یونس خان کو رکھا گیا ہے۔