بنگلور 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے آج زور دے کر کہاکہ ان کی حکومت کسی کو بھی بچانے کی کوشش نہیں کررہی ہے۔ اسمبلی میں حکومت کا موقف واضح کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ آئی اے ایس آفیسر کی خودکشی کیس میں کسی بھی بخشا نہیں جائے گا۔ اس پراسرار موت کی سی بی آئی تحقیقات کے لئے زبردست مطالبہ کے درمیان چیف منسٹر نے کہاکہ ان کی حکومت کسی بھی مجرم کو بچ نکلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ہم کوئی بھی بات پوشیدہ نہیں رکھ رہے ہیں۔ ہم بھی چاہتے ہیں کہ اس پراسرار موت کی سچائی سامنے آجائے۔ ریاست میں سی آئی ڈی بھی اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔ سی آئی ڈی بھی سی بی آئی کی طرح ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ ہم کو ہماری پولیس کی اخلاقی ذمہ داری کو بھی سمجھنا چاہئے۔ اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اور آئی اے ایس آفیسر کی موت پر اسمبلی میں زبردست ہنگامہ دیکھا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ان کی حکومت پر شدید دباؤ پڑرہا ہے۔ اس سلسلہ میں ایوان، حکومت کے موقف کو معلوم کرنا چاہتا ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے انھیں مشورہ دیا ہے کہ مرکزی ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائے۔ اُنھوں نے ریاست میں ہونے والی تبدیلیوں سے سونیا گاندھی کے بشمول پارٹی کی مرکزی قیادت کو واقف کروایا ہے۔