آئی او اے نے تمغے جیتنے والوں کو پہلی بار دیئے نقد انعام

نئی دہلی۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے ) نے انڈونیشیا میں منعقد 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو اتوار کو یہاں ایک تقریب میں نقد انعام سے نوازا۔آئی او اے کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے جب اس نے اس طرح کے کھیل میڈل جیتنے والوں کو نقد انعام سے نوازا ہے ۔ مرکزی وزیر کھیل راجیہ وردھن سنگھ راٹھور، آئی او اے کے صدر ڈاکٹر نریندر دھرو بترا، سیکرٹری جنرل راجیو مہتا، آل انڈیا کھیل کونسل کے صدر پروفیسر وجے کمار ملہوترا، رندھیر سنگھ اور آئی او اے کے دیگر عہدیداروں نے تمغے جیتنے والوں کو نقد انعام پیش کئے ۔اعزازی تقریب میں ذاتی طلائی فاتح کو پانچ لاکھ، سلور فاتح کو تین لاکھ اور کانسی کا تمغہ فاتح کو دو لاکھ روپے دیے گئے جبکہ ٹیم مقابلے میں طلائی فاتحین 3-3 لاکھ، سلور فاتح کو 2-2 لاکھ اور کانسی کا تمغہ فاتح کو 1-1 لاکھ روپے فراہم کئے گئے ۔آئی او اے کے صدر بترا نے اس موقع پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہہ اس بار ہم نے اپنی تاریخ کا بہترین مظاہرہ کیا اور کئی کھلاڑیوں نے تو ریکارڈ بھی توڑے ۔ آپ نے اپنی کارکردگی سے نہ صرف ہندستان میں بلکہ دنیا میں کروڑوں کھیل پریمیوں کے دل جیتے ۔ میں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ فتح کا رتھ یہیں نہیں رکے گا بلکہ آگے بڑھتا ہوا 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں بھی جاری رہے گا۔وزیر کھیل راٹھور نے کہاکہ میں آئی او اے کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ اس نے پہلی بار اپنی طرف سے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے نوازا جو ایک شاندار پہل ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ وزارت کھیل نے حال میں ایشیائی کھیلوں کے تمغے جیتنے والوں کو نقد انعامات سے نوازا تھا۔ بترا نے بتایا کہ 136 کھلاڑی اس اعزاز ی تقریب میں شامل ہوئے ۔ انہوں نے خاص طور پر کہاکہ کچھ کھلاڑیوں کے چیک میں اسپیلنگز میں کچھ غلطی ہو گئی تھی اور انہیں ٹھیک کرنے کے لئے بھیجا گیا ہے ۔ ایسے کھلاڑیوں کو اب گلدستے دیے جائیں گے ۔ تقریب ختم ہونے سے پہلے ایسے کھلاڑیوں کے چیک ٹھیک ہوکر آئے اور انہیں دوبارہ اسٹیج پر بلا کر پیش کیے گئے ۔تقریب میں طلائی تمغہ جیتنے والے کئی کھلاڑی، مرد اور خاتون ہاکی ٹیمیں، مرد اور خاتون کبڈی ٹیمیں، کراش، سیپک ٹکرا، ٹیبل ٹینس، ٹینس، کشتی، شوٹنگ ، ووشو اور دیگر بہت سے کھیل کے میڈلسٹ کھلاڑی موجود تھے ۔ برج کھیل میں تمغہ جیتنے والے ویٹرن کھلاڑی بھی اس موقع پر سرفراز ہوئے ۔ تمام کھلاڑیوں کو باری باری بلا کر نقد انعام پیش کئے گئے ۔کانسے کا تمغہ فاتح مرد ہاکی ٹیم کے رکن سردار سنگھ جب اپنا نقد انعام لینے اسٹیج پر پہنچے تو سب سے زیادہ تالیاں بجیں ۔ آئی او اے کے صدر بترا نے خود آگے آکر سردار سے ہاتھ ملایا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ سردار نے ایشیائی کھیلوں کے بعد بین الاقوامی ہاکی کو الوداع کہہ دیا تھا۔آئی او اے کے سیکرٹری جنرل راجیو مہتا نے اس موقع پر کہاکہ ہم نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے اپنی طرف سے یہ شروع کیا ہے ۔ ہم اس انعامی رقم کو دوگنا کرنا چاہتے ہیں اور ہم نے اس سلسلے میں ایک تجویز ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے رکھ دی ہے اور امید ہے کہ اس کی منظوری مل جائے گی۔