آئندہ دو ہفتوں میں S-300 میزائل سسٹم شام کے حوالے

ماسکو ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) روسی وزیر دفاع سرگئی شوئگو نے پیر کے روز ایک اعلان میں کہا ہے کہ ماسکو دو ہفتوں کے دوران فضائی دفاع کا S-300میزائل سسٹم شام کے حوالے کر دے گا۔یہ اعلان گزشتہ ہفتے روس کے ایک L-20 فوجی طیارے کے گرائے جانے کے بعد سامنے آیا۔روسی میڈیا کے مطابق شوئگو نے ایک بار پھر اسرائیل کو روسی طیارے کے گرائے جانے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ایسا نظر آتا ہے کہ میزائل سسٹم کی حوالگی اسرائیل کے لیے ایک پیغام ہو گا۔ اسرائیل کے ایک وفد نے اس موضوع کے حوالے سے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ماسکو کا دورہ بھی کیا تھا۔روسی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ "شام کی سرحد کے نزدیک بحیرہ روم کے اوپر اْن فورسز کے تمام ریڈارز اور رابطے کے آلات کو جام کر دیا جائے گا جو شامی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کریں گی۔