آئرلینڈ دورۂ پاکستان کا خواہاں

ایڈیلیڈ ، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ آئرلینڈ نے لمیٹیڈ اوورز کے میچوں کی ایک سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات آئرلینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر پرفارمنس رچرڈ ہولڈز ورتھ نے آج ایڈیلیڈ سے بلفاسٹ روانگی سے قبل کہی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ دورے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے جنوری میں رابطہ کیا گیا تھا۔ تاہم پی سی بی نے بعض سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جواب ملنے کے بعد دوبارہ بات چیت شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مکمل رکن ملکوں کیساتھ مزید میچ کھیلنا چاہتے ہیں اور پاکستان چند ملکوں میں سے ایک ہے جو آئرلینڈ کیساتھ کھیلنا چاہتا ہے۔