آئرلینڈ۔پاک ٹسٹ کا پہلا دن بارش سے متاثر

ڈبلن۔11 مئی(سیاست ڈاٹ کام) آئرلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلا ٹسٹ میچ کھیل کر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹسٹ کھیلنے والی دنیا کی 11ویں ٹیم بن گئی اور پاکستان نے اس ٹسٹ میچ کے لیے نوجوان امام الحق اور فہیم اشرف کو موقع دیا ہے لیکن مقابلہ بارش کی وجہ سے کئی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے گزشتہ سال آئرلینڈ اور افغانستان کو ٹسٹ موقف دینے کا اعلان کیا اور آج ڈبلن میں پاکستان کے خلاف ٹسٹ میچ کے ذریعے آئرلینڈ کی ٹیم ٹسٹ میچ کھیلنے والی 11ویں ٹیم بن گئی۔پاکستان نے میچ کے لیے اپنے قطعی ٹیم کا ایک دن قبل ہی اعلان کرتے ہوئے امام الحق اور فہیم اشرف کو ٹسٹ کرئیر کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔کپتان سرفراز احمد نے ملاہائیڈ گراؤنڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ میں کھیلے جانے والے اس پہلے ٹسٹ میچ کا حصہ بننے کو میں اپنے اور اپنی ٹیم کے لیے اعزاز سمجھتا ہوں، ٹسٹ کرکٹ کھیلنا آئرلینڈ کا بڑا کارنامہ ہے اور میں پاکستان کی طرف سے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہم اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے جس نے نارتھیمپٹن شائر کے خلاف وارم اپ میچ میں 9وکٹ سے فتح حاصل کی تھی اور اس لحاظ سے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق اور آل راؤنڈر فہیم اشرف ٹسٹ کرئیر کا آغاز کریں گے۔یاد رہے کہ دو سال قبل دورہ انگلینڈ کے دوران سمیع اسلم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اب سمیع کی جگہ امام کو موقع دینے فیصلہ کیا ہے جن کے ٹسٹ اسکواڈ میں انتخاب پر انضمام پر اقربا پروری کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔سرفراز احمد نے امام الحق کی موجودہ فارم کو ٹیم میں شامل کرنے کی وجہ قرار دیا جہاں کینٹ کے خلاف وارم اپ میچ میں سمیع اسلم صرف 13رنز بنا سکے تھے جبکہ وہ دوسرا وارم اپ میچ نہیں کھیلے تھے لیکن امام نے کینٹ کے خلاف 61 رنز بنانے کے بعد ناتھیمپٹن شائر کے خلاف بھی ناقابل شکست 59رنز کی اننگز کھیلی تھی۔واضح رہے کہ ڈبلن میں مستقل ابر آلود موسم ہے اور بارش کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ۔