انگلینڈ جیتنے کیلئے آئے، بہتر مظاہرہ کریں گے :شاستری

برمنگھم۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ یہاں (انگلینڈ) جیت کیلئے کھیلنے آئے ہیں ناکہ میچ ڈرا کرنے نہیں۔ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے آغاز اورکل شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس وقت جوکرکٹ ٹیمیں بیرونی دوروں پر ہیں ان میں ہندوستانی ٹیم سب سے بہتر ہے۔جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش بھی اس وقت ملک سے باہر کھیل رہی ہیں ٹسٹ میچوں میں ان کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی اس سے پہلے سری لنکا کا دورہ جنوبی افریقہ زیادہ اچھا نہیں تھا اس لئے ان ٹیموں سے موازنہ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو بہتر کہنے میںحق بجانب ہوں۔ میرا اپنی ٹیم کے لئے ایک ہی پیغام ہے کہ یہاں بے خوف ہوکر کھیلنے اور جیتنے کے لئے آئے ہیں۔ دفاعی کھیل اور میچ ڈرا کرنا ہماری حکمت عملی کا حصہ نہیں۔کوشش یہی ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہے اور کامیابیوں کے سفر کو آگے بڑھاتی رہے۔ ہندوستانی کوچ کے مطابق انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کے ذہن میں یہ بات ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے کہ انگلینڈ سمیت ہر جگہ جیت سکتے ہیں صرف مثبت انداز میں تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ جنوبی افریقہ کے دورے میں ٹیم نے سیریز ہارنے کے باوجود آخری ٹسٹ میں فتح حاصل کی۔مجموعی طور پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا میں چاہتا ہوں کہ ہم اسی طرح جیتنے کے لئے کھیلنے کی کوشش کریں۔انگلینڈ میں 2011 ء اور2014ء کے دوروں کے نتائج ہمارے حق میں نہیں تھے لیکن ضروری نہیں کہ اس مرتبہ بھی ایسا ہی ہو۔ ہم ٹسٹ سیریز میں نتائج کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔بیٹنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستانی ٹاپ آرڈر ابتدائی 20 تا25 اوورز اچھی طرح گزارلے تو بڑے اسکورکی بنیاد پڑ جائے گی۔ انگلینڈ ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں ٹسٹ کھیلتے ہوئے ابتدائی اوورز کی بڑی اہمیت ہوتی ہے اور ہم بھی اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔یادرہے کہ ٹسٹ سیریز سے قبل منعقدہ پراکٹس مقابلے میں ہندوستانی ٹاپ آرڈر ناکام ہواتھا لیکن کوچ کو ٹسٹ سیریز میں بہتر مظاہرہ کے امید ہے۔