رملہ۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوجیوں نے آج علی الصبح ایک فلسطینی نوجوان کو ہلاک کردیا، جبکہ مغربی کنارہ میں 3 لاپتہ اسرائیلی نوجوانوں کی تلاش میں فوج کی جانب سے مہم چلائی جارہی ہے۔ یہ نوجوان تین دن قبل اغوا کئے گئے تھے۔ مغربی کنارہ کے شہر رملہ کے قریب 19 سالہ نوجوان احمد عرفات کو اسرائیلی فوجیوں نے گولی مارکر ہلاک کردیا۔ اسرائیلی نوجوانوں کو جمعرات کے دن شہر حبرون سے اغوا کیا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج ان کی تلاشی مہم میں مصروف ہے۔ یروشلم سے اسرائیلی فوج کے بیان کے بموجب فوجیوں نے فلسطینی پارلیمنٹ کے اسپیکر حماس کے رکن عزیز دُوئیک کو تلاشی مہم کے دوران گرفتار کرلیا۔ فوج کے ترجمان نے اسپیکر کی گرفتاری کی توثیق کی ہے۔ فوج کے بموجب تلاشی مہم کے دوران تاحال جملہ 150 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ صرف آج کی مہم کے دوران ہی 50 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ گرفتار شدہ تمام افراد حماس کے دہشت گرد ہیں۔