دبئی۔29 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) باخبر ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق ماسکو اور انقرہ کے درمیان حال ہی میں طے پائے جانے والے ادلب معاہدے کے 4 نکات کی تشریح کے حوالے سے فریقین میں اختلاف پایا جا رہا ہے۔ باخبر ذرائع نے ’’الشرق الاوسط‘‘ کو اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اِدلب کے حوالے سے سوچی معاہدے کی تشریح میں روسی صدر ولادی میر پوتین اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان کے درمیان اختلاف رائے موجود ہے۔ اختلاف ’’غیر فوجی علاقے‘‘ کی وسعت روس رواں سال کے اختتام سے قبل ’’حلب۔ لاذقیہ‘‘ اور’’حلب ۔حماہ‘‘ کے دو راستوں کو دمشق حکومت کو واپس کرنا اورشدت پسندوں کے انجام سے متعلق ہے۔ فریقین کے بیچ اختلاف کی ایک اور وجہ سوچی معاہدے کی مدت ہے۔انقرہ اور ماسکو کو امید ہے کہ آئندہ ماہ روس، ترکی، فرانس اور جرمنی کے درمیان ہونے والا سربراہ اجلاس اِدلب کے حوالے سے اختلافات حل کرنے میں کردار ادا کرے گا۔