ظہیرآباد 2 جنوری (ذریعہ ای میل) اللہ تعالیٰ رب العالمین ہے جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم رحمۃ اللعالمین ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے محنت انسانیت کا درجہ بھی اپنے رسول کو دیا ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ کی سیرت ساری قرآن مجید کو قرار دیا گیا۔ چونکہ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت احکامات الٰہی میں مضمر ہے۔ آپ ﷺ کی زندگی کا ہر پہلو روشن ہے جن میں داعیانہ کردار موجود ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی بعثت نے دین مکمل کردیا۔ اس میں کمی بیشی قابل قبول نہیں ہے۔ لمحہ آخر تک اللہ کے نبی ﷺ نے دعوت دین اور غلبۂ دین کے لئے اپنی زندگی کو وقف فرمادیا۔ آپ نے مرد و خواتین ہر ایک کے لئے عمل کرکے دکھایا اور ہر مرد و خواتین کو عملی زندگی میں اس کو کرنے کے لئے ہدایت دی۔ ان خیالات کا اظہار خورشید فرزانہ معاون ناظم شعبۂ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ و اڑیسہ نے کل شام شعبہ خواتین ظہیرآباد کے زیراہتمام بعنوان ’’سیرت النبی ﷺ کا پیغام‘‘ مسلم فنکشن ہال لطیف روڈ ظہیرآباد پر اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ ضلعی ناظم جماعت اسلامی ہند ضلع میدک محترمہ عطیہ فاطمہ نے کہاکہ ایمان والے وہ ہیں جو سب سے پہلے اللہ سے زیادہ سے زیادہ ڈرتے ہیں اور اللہ سے محبت کرتے ہیں اور اللہ کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں۔ اللہ کی اطاعت کرنا رسول کی اطاعت میں مضمر ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم سے محبت کا مطلب ان کے دیئے گئے ہدایات و احکامات کی مکمل پابندی کرنا ہے۔ زبانی دعوؤں سے کام نہیں چلتا ، عمل کرنا اشد ضروری ہے۔ انھوں نے خواتین کو ہدایت دی کہ وہ اپنے شوہروں کی خدمت کریں۔ بچوں کی اچھی دیکھ بھال کریں، صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ اس سے قبل نسیم فاطمہ رکن جماعت نے ’’آپ ﷺ کے خواتین پر احسانات‘‘ ، محترمہ مسرت جہاں رکن جماعت نے ’’آپ ﷺ کے داعیانہ کردار‘‘ پر روشنی ڈالی۔ اس پروگرام کا آغاز صفورہ بیگم کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا۔ افتتاحی کلمات ناظم شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد محترمہ ہاجرہ بیگم نے ادا کئے۔ فریدہ بیگم، میمونہ بیگم نے ترانے پیش کئے۔ نظامت ارجمند آریٰ نے کی جبکہ اظہار تشکر محترمہ جمیلہ فیروز نے کیا۔ اس موقع پر آصف النساء، محمدی بیگم، حبیب النساء، شاہین بیگم، سلطانہ، شاکرہ بیگم، نعیم النساء و دیگر خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ خورشید فرزانہ کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔