منااکھیلی؍:20 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کرناٹک اردواکیڈمی تین سالہ تعطل کے بعد اپنی سرگرمیوں کاآغاز بیدر کے اس علاقائی مشاعرہ کے ساتھ کررہی ہے ۔ ڈاکٹر فوزیہ چودھری چیرپرسن کرناٹک اردواکیڈمی نے بیدر میں اپنی صدارتی تقریر میں اس بات کااعلان کیا۔انھوں نے شاہین گرلزکیمپس بیدر میں کرناٹک اردواکیڈمی کے زیراہتمام منعقدہ اس مشاعرہ کو عوام اور اکیڈمی کے لئے نیک فال قراردیتے ہوئے بیدر کے حوالے سے بتایاکہ یہ شہرمحمودگاوان ، اردو زبان کی پہلی مثنوی کدم راؤ پدم راؤ کے شاعر فخرالدین نظامی کاشہر ہے ۔ موجودہ دور میں ضلع بیدر میں اردو اسکولوں کا ایک قابل ذکرجال بچھاہواہے۔ان طلباء ہی کے ذریعہ ہم اردو زبان وادب کاتحفظ کرسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر پی سی جعفر ڈپٹی کمشنر بید رنے مشاعرہ کا افتتاح شمع روشن کرتے ہوئے کیااور اپنے خطاب میں حاضرین سے پرخلوص اپیل کی کہ وہ اردو زبان کو بچانے کے لئے آگے آئیں۔ مادری زبان اردو کے ہوتے ہوئے دوسری زبان کو ترجیح دینے سے مادری زبان متاثر ہوگی ۔ بیدر میں اردو زبان کے تحفظ کے لئے ہونے والی کوششیں قابل قدر ہیں انھیں میںآج کا یہ مشاعرہ بھی شامل ہے جو حکومت کرناٹک کی وزارت اقلیتی بہبود کی جانب سے ہے۔ استقبالیہ کلمات بزر گ شاعر نثاراحمدکلیم صدر انجمن ترقی اردو ہند بیدر نے پیش کئے۔ ڈاکٹر فوزیہ چودھری کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اس مشاعرہ میں منظربھوپالی ، مصداق اعظمی (اعظم گڈھ)، جناب حامداکمل ، اکرم نقاش ، ڈاکٹر رزاق اثرؔ، قاضی انور ، جوہرتماپوری ، شکیل تماپوری ، انجینئر اسحق سوداگر، ڈاکٹر افتخار شکیل، جلیل نامی، فضل افضل، مبین احمدزخم، قدیر احمد قدیر، انورحسین انور، ابوالعلام شارق، حیدرمظہری، لطیف انجم، عارف سیفی ، کے علاوہ میزبان شعراء میں نثاراحمدکلیم ، امیرالدین امیرؔ، ریحانہ بیگم ریحانہؔ ، سید لطیف خلش، ڈاکٹر سنیل پنوار واریؔ، سید جمیل احمدہاشمی ، حامدسلیم اور مقیم باگ نے اپنا اپنا کلام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ مشاعرہ کا آغاز اردو میڈیم کی ننھی طالبہ امت الرحمن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مرزا عظمت اللہ بیگ رجسٹرا ر کرناٹک اردواکیڈمی ، عبدالقدیر سکریڑی شاہین ادارہ جات بیدر ،طالب علی پٹیل،حمیدالدین ناز، اسلم پاشاہ قادری ، عبدالمقیت قادری ، ڈاکٹر حشمت فاتحہ خوانی ، ڈاکٹر نظام الدین ، مرزا محبوب بیگ ،، منورعلی شاہد، رخسانہ نازنین ، موسیٰ محی الدین قادری جیسی ادب نواز ہستیوں کے علاوہ سینکڑوں لوگ مشاعرہ میں موجودتھے۔ جناب عبدالستار ہاشمی ، برکت علی ، سید منورحسین ، عمر مقتدر،ڈاکٹر مجاہد مسعود، اقبال الدین انجینئر، مصباح الدین ، حسن قادری ، امین الدین نوازنے انتظامی امور کی دیکھ بھال کی ۔ رات2:30بجے مشاعرہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ محمدیوسف رحیم بیدری رکن کرناٹک اردواکیڈمی نے خصوصی طورپر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پی سی جعفر کا شکریہ اداکیاکہ وہ ڈھائی بجے رات تک سامعین میں بیٹھ کر مشاعرہ سنتے اور محظوظ ہوتے رہے۔ جناب محب کوثر اورمحمدیوسف رحیم بیدری نے یکے بعددیگرے نظامت کافریضہ انجام دیا۔