اُبھرتے بیٹنگ اسٹار سرفراز کا گواسکر کی ملکیت والے پروفیشنل مینجمنٹ گروپ سے معاہدہ

ممبئی ، 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بیٹنگ لجنڈ سنیل گواسکر کی ملکیت والے پروفیشنل مینجمنٹ گروپ (پی ایم جی) نے آج اُبھرتے بیٹنگ ٹیلنٹ سرفراز خان سے غیرمنکشف فیس کے عوض تین سالہ معاملت پر دستخط کرائے جانے کا اعلان کیا۔ پی ایم جی کی سربراہی گواسکر ہی کرتے ہیں اور اس کے شریک مالکین سام بلسارا (چیرپرسن میڈیسن ورلڈ) اور نومی مہتا (چیرپرسن اینڈ منیجنگ ڈائریکٹر سلویل ون گروپ) ہیں۔ اس معاملت کے نتیجے میں پی ایم جی 17 سالہ سرفراز کی تمام تجارتی معاملتوں کو سنبھالے گا۔ ممبئی کے مشہور ہیرس شیلڈ انٹر اسکول ٹورنمنٹ میں ریکارڈ توڑ اسکور کرنے پر 12 سالہ کھلاڑی کی حیثیت سے مرکز توجہ بننے کے بعد سرفراز نے آگے بڑھ کر بین الاقوامی منظر پر انڈر 19 ورلڈ کپ 2014ء میں متاثرکن مظاہرے کے ذریعے اپنا اثر چھوڑا، جہاں انھوں نے ہندوستان کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمن کے طور پر اختتام کیا۔ انھوں نے اس سال کے آئی پی ایل کو بھی جگمگایا اور راجستھان رائلز کے بولنگ اٹیک کے خلاف آر سی بی کیلئے یادگار اننگز کھیلی۔