نئی دہلی ۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ِ آسٹریلیا نے اڈانی مائننگ کی 16 ارب 50 کروڑ امریکی ڈالرس مالیتی کارمیچیل کوئلہ کان اور ریلوے اِنفراسٹرکچر پراجیکٹ کوئنس لینڈ کی منظوری دے دی ہے۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے ہندوستان پیٹرک سکلنگ نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے آسٹریلیا کی جانب سے ہندوستان کے ساتھ کاروبار کے لئے کُھلا ذہن اور غیرملکی سرمایہ کاری کے استقبال کا اظہار ہوتا ہے ۔ یہ منفرد پراجیکٹ معاشی فروغ کی وجہ بنے گا اور آسٹریلیا میں 6 ہزار سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے ہندوستان کی ترقی بھی تیز رفتار ہوجائے گی اور تقریباً 10 کروڑ ہندوستانیوں کو برقی توانائی سربراہ کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے وسائل کے شعبہ میں زبردست امکانات موجود ہیں اور حکومت ایک پرعزم تجارت اور سرمایہ کاری کے پروگرام پر عمل کررہی ہے تاکہ محفوظ پراجیکٹس کو یقینی بنایا جاسکے جن سے آئندہ نسلوں کی دولت اور خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔ پیٹرک سکلنگ نے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے ایک واضح اشارہ ہے۔ حکومت آسٹریلیا نے انتہائی مسابقتی سرمایہ کاری کا ماحول پیدا کیا ہے۔ منظوری کے طریقہ کار تیز رفتار بنائے گئے ہیں۔ غیرضروری قواعد برخاست کردیئے گئے ہیں اور انفراسٹرکچر میں نئی سرمایہ کاری کو ٹھوس بنانے سے اپنی وابستگی ظاہر کردی ہے۔